اسلام آبا د(نیوز ڈیسک)امریکا نے ویزا بانڈ پروگرام کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرتے ہوئے 25 نئے ممالک کے شہریوں پر بانڈ جمع کرانے کی شرط نافذ کر دی ہے، جس کے بعد اس پروگرام کے تحت آنے والے ممالک کی مجموعی تعداد 38 ہو گئی ہے۔امریکی حکام کے مطابق تازہ شامل کیے گئے ممالک میں الجزائر، بنگلہ دیش، کیوبا، نیپال، نائیجیریا، وینزویلا کے علاوہ افریقہ، ایشیا اور لاطینی امریکا کے متعدد دیگر ممالک بھی شامل ہیں۔ ان ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو بی ون (کاروباری) اور بی ٹو (سیاحتی) ویزا کے لیے درخواست دیتے وقت 5 ہزار سے 15 ہزار امریکی ڈالر تک بطور بانڈ جمع کرانا ہوگا۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بانڈ کی حتمی رقم کا فیصلہ ویزا انٹرویو کے دوران کیا جائے گا۔
تاہم واضح کیا گیا ہے کہ بانڈ جمع کرانے کا مطلب ویزا کی خودکار منظوری نہیں ہوگا۔ اگر ویزا درخواست مسترد ہو جائے یا بانڈ سے متعلق شرائط پوری نہ کی جائیں تو جمع شدہ رقم واپس کر دی جائے گی۔اعلامیے کے مطابق نئے شامل کیے گئے ممالک کے شہریوں کے لیے یہ شرط 21 جنوری سے لاگو ہوگی۔ یاد رہے کہ اس پالیسی کا آغاز اگست 2025 میں ایک پائلٹ منصوبے کے طور پر کیا گیا تھا، جس کا مقصد ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد امریکا میں غیر قانونی قیام کے رجحان کو کم کرنا بتایا گیا تھا۔















































