اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت حذیفہ رحمان نے کہا ہے کہ ایکس (سابق ٹوئٹر )نے پاکستان میں دفتر نہ کھولا تو اسے مکمل بند کردیں گے، پھر وی پی این سے بھی نہیں چلے گا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت اس پر غور کر رہی ہے کہ اگر ٹوئٹر پاکستان میں دفتر نہیں کھولتا جو کہ اسے پاکستانی قوانین کے مطابق کھولنا چاہیے تو اگر وہ ہمارے ریگولیشنز کو فالو نہیں کرے گا تو ہمارے پاس انہیں بین ،محدود یا بند کرنے کے سواکوئی آپشن نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ٹوئٹر اگر پاکستان میں بزنس کرنا چاہتا ہے تو یہاں اپنا دفتر کھولے، پی ٹی اے کے ذریعے رجسٹرڈ ہو، ورنہ پھر نتائج کا سامنا کریگا، ان تنائج میں بلاک کرنا بھی شامل ہے، ٹوئٹر پاکستان میں بین ہوسکتا ہے چین کی طرح، پھر وی پی این بھی نہیں چلے گا، پھر مکمل ختم ہوجائیگا۔















































