اسلا م آباد (نیوز ڈیسک) مغربی افریقی ملک گنی بساؤ میں سیاسی صورتحال اچانک ڈرامائی موڑ لے گئی، جہاں فوج نے بغاوت کرتے ہوئے صدر کو برطرف کرنے اور ملک کا انتظام سنبھالنے کا اعلان کر دیا ہے۔بین الاقوامی خبر ایجنسیوں کے مطابق اتوار کے روز ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان آج متوقع تھا۔ صدر امارو ایمبیلو اور ان کے مخالف امیدوار فرنینڈو ڈیاس دونوں نے اپنی جیت کے دعوے کر رکھے تھے، تاہم نتائج سامنے آنے سے پہلے ہی فوج نے حکومت سے باغیانہ اقدام کرتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کر لیا۔
ریاستی ٹیلی ویژن پر نشر کیے گئے پیغام میں فوجی حکام نے صدر کو عہدے سے ہٹانے اور تمام سرکاری اداروں کو اگلے احکامات تک معطل کرنے کا اعلان کیا۔ فوج کے مطابق ملک کی سرحدیں اور فضائی حدود بند کر دی گئی ہیں جبکہ ملک بھر میں کرفیو نافذ ہے۔ آئینی نظام کی بحالی تک انتخابی عمل بھی روک دیا گیا ہے۔فوجی قیادت نے ملک کا نظم و نسق چلانے کے لیے ایک اعلیٰ کمان تشکیل دے دی ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق فوجی اقدام سے پہلے الیکشن کمیشن، صدارتی محل اور وزارتِ داخلہ کے اطراف شدید فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہیں، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ادھر صدر کے ترجمان نے رائٹرز کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے الیکشن کمیشن پر حملہ کر کے نتائج کے اعلان میں خلل ڈالنے کی کوشش کی ہے۔















































