اسلام آباد (نیوز ڈیسک( جاپان میں 66 سالہ شخص نے لاٹری میں 60 کروڑ ین (جو کہ ایک ارب پاکستانی روپے سے زائد بنتے ہیں) جیتنے کے بعد یہ رقم اپنی بیوی سے چھپا لی اور چپکے چپکے شاہانہ زندگی گزارنے لگا۔جاپانی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس شخص، جسے صرف “ایس” کے نام سے پہچانا گیا ہے، ٹوکیو میں اپنی اہلیہ کے ساتھ رہتا ہے اور دونوں کی مشترکہ پنشن صرف 3 لاکھ ین ہے۔خبر کے مطابق ایس کی بیوی بہت زیادہ سادگی اور کفایت شعاری پر یقین رکھتی تھیں، اسی لیے شادی کے بعد انہوں نے شوہر کو فضول خرچی، باہر کھانا کھانے اور مہنگی خریداری سے روک رکھا تھا۔
اسی وجہ سے ایس نے لاٹری جیتنے کے باوجود مکمل رقم بتانے کی ہمت نہ کی اور صرف 50 لاکھ ین کا ذکر کیا، جب کہ باقی دولت مکمل طور پر خفیہ رکھ لی۔ایس نے بتایا کہ وہ لاٹری جیتنے کے بعد کئی دن خوفزدہ رہا، مگر پھر اس نے چپکے سے ایک مہنگی گاڑی خریدی، ریزورٹس میں قیام کیا اور ملک بھر میں گھومتا رہا۔ تقریباً چھ ماہ میں اس نے 1 کروڑ 80 لاکھ ین مختلف عیاشیوں پر خرچ کر دیے۔ بیوی کے شک سے بچنے کے لیے وہ نئی گاڑی زیرِ زمین پارکنگ میں چھپا دیتا تھا اور گھر جاتے وقت عام کپڑے پہن کر جاتا تھا۔تاہم یہ پوشیدہ عیش و عشرت اس کے لیے ذہنی اذیت کا باعث بن گئی۔ ایس کے مطابق بے حساب دولت ہونے کے باوجود اسے تنہائی، مایوسی اور دباؤ کا سامنا رہنے لگا۔
اس نے کہا کہ اگر یہ پیسہ محنت سے کماتا تو شاید اسے اتنی بے چینی نہ ہوتی، لیکن اچانک ملی دولت نے اس کی زندگی کو الٹا کر دیا۔بالآخر اس نے ایک ماہرِ نفسیات سے مدد لی اور اپنی بیوی اور بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے 50 کروڑ ین کی انشورنس پالیسیاں ان کے نام پر خریدنے کا فیصلہ کر لیا۔















































