کوالالمپور(این این آئی) ملائیشیا میں 16 سال سے کم عمر افراد کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملائیشیا کے کمیونیکیشن وزیر داتوک فہمی فاضل نے اعلان کیا کہ سال 2026 سے 16 سال سے کم عمر افراد کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اگلے سال 16 سال سے کم عمر کے لوگوں کو سوشل میڈیا اکائونٹس بنانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
کمیونیکیشن کے وزیر نے کہا کہ سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز پر ای کے وائے سی سسٹم لاگو کیا جائے گا۔ جس میں رجسٹریشن کے لیے شناختی دستاویزات سے عمر کی تصدیق کی جائے گی۔ملائیشیا کی کابینہ کے فیصلے کی وجہ آن لائن پلیٹ فارمز پر کم عمر بچوں کے لیے نقصان دہ مواد، سائبر بلِنگ اور دوسری خطرناک صورت حال میں اضافہ بتایا جا رہا ہے۔وزیر نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی آن لائن سیفٹی ایکٹ کے دائرے میں ہے۔ جو یکم جنوری 2026 کو نافذ ہو گی۔ کچھ ماہرین کہتے ہیں کہ یہ پابندی ضروری ہے۔ تاکہ بچوں کو آن لائن نقصان دہ اثرات سے بچایا جائے۔















































