نئی دہلی— بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اتوار کے روز ایک متنازع بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ آج سندھ پاکستان کا حصہ ہے، لیکن یہ خطہ تہذیبی اور ثقافتی طور پر بھارت کے ساتھ گہرا تعلق رکھتا ہے اور ’’ایک دن دوبارہ بھارت میں شامل ہو سکتا ہے‘‘۔
راج ناتھ سنگھ نے ایک تقریب کے دوران کہا کہ دریائے سندھ کے کنارے واقع صوبہ سندھ 1947 کی تقسیم کے وقت پاکستان کے حصے میں آیا، جس کے بعد بڑی تعداد میں سندھی ہندو بھارت ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ جغرافیائی طور پر گجرات اور راجستھان کے قریب ہے اور ثقافتی طور پر بھی بھارت کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے سابق بھارتی نائب وزیرِاعظم ایل کے ایڈوانی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج بھی سندھی ہندو اپنی نسل کے مطابق سندھ کی علیحدگی کو دل سے قبول نہیں کر سکے، کیونکہ دریائے سندھ اُن کی تہذیبی شناخت کا اہم حصہ ہے۔
سیاستدان اور مبصرین کے مطابق راج ناتھ سنگھ کا یہ بیان پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی کو بڑھا سکتا ہے اور سندھ کے حوالے سے یہ دعویٰ خطے میں حساسیت پیدا کر سکتا ہے۔















































