ابو جا (این این آئی)نائیجریا میں ایک اسکول سے 200 سے زائد طلبہ کو اغوا کرلیا گیا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق نائیجریا میں بڑے پیمانے پر اغوا کا واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جہاں شمال مغرب میں واقع ایک کیتھولک اسکول سے مسلح افراد نے 227 طلبہ کو اسلحہ کے زور پر اغوا کرلیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کرسچن ایسوسی ایشن آف نائیجیریا نے کیتھولک اسکول سے طلبہ کی بڑی تعداد کے اغوا کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ طلبہ کے اغوا کا واقعہ 2024 کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا واقعہ ہے، اس سے قبل 2024 میں کدانا ریاست میں 200 کے قریب طلبہ کو اغوا کیا گیا تھا۔کرسچن ایسوسی ایشن کے چیئرمین کا کہنا ہیکہ انہوں نے واقعے کے بعد اس اسکول کا دورہ کیا ہے، اس واقعے کے وقت کچھ طلبہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم طلبہ کی بڑی تعداد کو مسلح افراد نے اغوا کرلیا۔کرسچن ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے کہا کہ ہمارے ریکارڈ میں 215 طلبہ اور 12 اساتذہ کو اغوا کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ پولیس اور مقامی انتظامیہ نے سینٹ میری اسکول سے طلبہ اور اساتذہ کو اغوا کرنے کے واقعے کی تصدیق کی ہے۔















































