منیلا (این این آئی )فلپائن میں ہولناک سمندری طوفان کالمیگینے تباہی مچا دی ،طوفان سے متعلقہ حادثات میں کم از کم 140 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 127 لاپتہ ہیں ۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک روز قبل آنے والے غیر معمولی قرار دیے جانے والے سیلابی پانی نے صوبے کے مختلف شہروں اور قصبوں کو لپیٹ میں لے لیا، پانی گاڑیاں، دریائی کناروں پر بنے کچے مکانات اور یہاں تک کہ بڑے شپنگ کنٹینرز بھی بہا لے گیا۔
فلپائن کے صدر فرڈینانڈ مارکوس نے ملک میں قومی آفت کی صورتحال نافذ کرتے ہوئے امدادی فنڈز کے اجرا اور ضروری اشیا کی قیمتوں پر کنٹرول کا حکم دیا ہے۔مقامی محکمہ موسمیات کی ماہر چارمیگن واریلا نے بتایا کہ سیبو سٹی کے اردگرد کے علاقے میں طوفان سے 24 گھنٹے قبل 183 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، جو اس علاقے کے ماہانہ اوسط 131 ملی میٹر سے کہیں زیادہ تھی۔ صوبائی گورنر پامیلا بریکواترو نے صورتحال کو غیر معمولی اور تباہ کن قرار دیا ہے ۔















































