بیجنگ (نیوز ڈیسک) چین نے دنیا کا سب سے بڑا برقی (الیکٹرک) دریائی کارگو جہاز متعارف کرا دیا ہے جو روایتی ایندھن کے بجائے جدید لیتھیئم بیٹریوں سے چلتا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق “گیزوبا” نامی اس دیوہیکل بحری جہاز کی لمبائی 130 میٹر ہے اور یہ 13 ہزار ٹن تک وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جہاز میں 12 لیتھیئم بیٹری پاور یونٹس نصب کیے گئے ہیں جو مجموعی طور پر 24 ہزار کلو واٹ آور توانائی فراہم کرتے ہیں۔ انجینئرز کے مطابق اس جہاز میں بیٹریوں کو تیزی سے تبدیل کرنے کی سہولت موجود ہے جبکہ ایک چارج پر اس کی زیادہ سے زیادہ حدِ سفر 500 کلومیٹر ہے۔
جہاز میں نصب جدید اسمارٹ کنٹرول سسٹم کی بدولت ریموٹ نیویگیشن اور خودکار برتھنگ (آٹومیٹک پارکنگ) ممکن ہے، جو اسے روایتی کارگو جہازوں سے منفرد بناتا ہے۔
چائنیز اکیڈمی آف انجینیئرنگ کے رکن یِن شن پِنگ نے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی صرف ایک نیا جہاز تیار کرنے تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک جامع تکنیکی پیش رفت ہے جس میں بڑی بیٹریوں، ڈی سی پاور سسٹم اور خودکار نیویگیشن جیسی بنیادی ٹیکنالوجیز کو عملی طور پر آزمایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے میں نئے انجن، اسمارٹ کنٹرول نظام، ساحلی ڈھانچے، ریموٹ پائلٹنگ اور شپ ٹو شور کمیونیکیشن کو مربوط انداز میں یکجا کیا گیا، جو جدید سمندری ٹیکنالوجی میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ برقی جہاز سالانہ 617 ٹن ایندھن کی بچت کرے گا اور کاربن کے اخراج میں تقریباً 2 ہزار ٹن سالانہ کمی لائے گا، جو ماحولیاتی تحفظ کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔















































