اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت کی ریاست آندھرا پردیش میں ایک المناک حادثے کے دوران بس میں آگ بھڑک اٹھنے سے 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتاری سے جانے والی بس ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی، جس کے بعد بس میں خوفناک آگ لگ گئی۔ واقعہ ریاست کے ہائی وے پر پیش آیا جہاں یہ بس حیدرآباد سے بینگلورو کے لیے روانہ تھی۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق ٹکر کے بعد بس نے موٹر سائیکل کو کچھ فاصلے تک گھسیٹا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سے پیٹرول لیک ہوا اور چنگاریوں کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ یہ آگ دیکھتے ہی دیکھتے بس کے فیول ٹینک تک جا پہنچی اور چند لمحوں میں پوری بس لپیٹ میں آ گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت بس میں 41 مسافر سوار تھے، جن میں سے 21 افراد کو زندہ نکال لیا گیا، تاہم کئی زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔















































