روم(این این آئی)70 سالہ اطالوی شہری کو 53 سال سے زائد عرصے تک معذوری فنڈز جمع کرنے کیلئے مکمل طور پر نابینا ہونے کا ڈرامہ رچانا مہنگا پڑگیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اطالوی شہری نے 53 سالوں کے دوران معذوری فنڈنگ کے نام پر 10 لاکھ یوروکا فنڈ اکٹھا کیا۔آڈیٹی سینٹرل پر شائع ہونے والی رپورٹ میں اٹلی کے شہر ویسنزا کے رہائشی کا نام ظاہر نہ کرتے ہوئے اس کی کہانی شیئر کی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق اطالوی شہری کو 53 سال قبل ملازمت کے دوران پیش آئے حادثے کے بعد مکمل طور پر نابینا قرار دیا گیا تھا، اس حادثے کے بعد سے اب تک اس نے خود کو مکمل نابینا ظاہر کرتے ہوئے ایک ملین یورو سے زائد فنڈ اکٹھے کیے۔حال ہی میں اٹلی کی مقامی پولیس کو اس پر شک گزرا تو حکام نے اس کے خلاف ثبوت جمع کرنا شروع کردیے۔
اس دوران پولیس نے اطالوی شہری کی خطرناک اوزاروں کے ساتھ باغبانی کرتے ہوئے ویڈیو ریکارڈ کی حتی کہ ان اوزاروں کی خریداری کیلئے بھی اس کو بازار میں احتیاط سے اوزار چیک کرتے ہوئے پایا گیا۔ 2 ماہ کے عرصے کے دوران پولیس کو حاصل ثبوتوں میں واضح ہوچکا تھا کہ یہ نابینا نہیں ہے بلکہ نابینا ہونے کا ڈرامہ کررہا ہے۔حکام کے مطابق اس شخص کے خلاف ریاست کو دھوکا دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے دی جانے والی امداد روک دی گئی ہے جب کہ ملزم کے ٹیکس آڈٹ کا حکم جاری کرتے ہوئے اس پر 2 لاکھ یورو کا ٹیکس لگایا گیا۔حکام کی جانب سے ملزم پر ریاست کو دھوکا دینے کے الزام میں فرد جرم عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔