کابل (نیوز ڈیسک) افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ سروس معطل کیے جانے کے بعد کابل انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فضائی سرگرمیاں بھی مکمل طور پر رک گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق انٹرنیٹ بلیک آؤٹ کے باعث نہ صرف اندرونِ ملک اور بیرونِ دنیا سے رابطے منقطع ہو گئے ہیں بلکہ بینکنگ، آن لائن تعلیم اور دیگر اہم سہولیات بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔
کابل کے ایک شہری نے بتایا کہ ائیرپورٹ تقریباً ویران ہے اور وہاں پروازوں کی آمد و رفت نظر نہیں آ رہی۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار24 کے مطابق منگل کو کابل آنے اور جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ کئی پروازوں کا اسٹیٹس “نامعلوم” دکھایا گیا۔
مسافروں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ جمعرات سے پہلے کوئی پرواز دستیاب نہیں ہوگی۔ ایک اور مقامی شخص کے مطابق پیر کی شام کے بعد تمام پروازیں مکمل طور پر روک دی گئی ہیں۔
یہ بھی واضح رہے کہ طالبان حکام کی جانب سے انٹرنیٹ معطلی کی کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی، تاہم بتایا گیا ہے کہ یہ پابندی پیر سے نافذ ہے اور اگلے حکم تک برقرار رہے گی۔