اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع جونپور میں ایک 75 سالہ کسان نے 35 سالہ خاتون سے شادی کی، لیکن اگلے ہی روز اچانک انتقال کرگیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق متوفی شخص کی شناخت سنگرو رام کے نام سے ہوئی ہے جو پیشے کے اعتبار سے کسان تھا۔ ایک سال قبل اس کی پہلی اہلیہ کا انتقال ہوگیا تھا، جس کے بعد وہ تنہا زندگی گزار رہا تھا۔
حال ہی میں اس نے دوسری شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔بتایا گیا ہے کہ گاؤں کے لوگوں نے سنگرو رام کو اس عمر میں شادی سے روکنے کی کوشش کی مگر اس نے اپنی ضد پر قائم رہتے ہوئے 35 سالہ منبھاوتی سے کورٹ میرج کرلی۔
بعد ازاں مندر میں ایک مختصر تقریب بھی منعقد کی گئی۔منبھاوتی کی یہ دوسری شادی تھی، اس کے پہلے شوہر سے دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ سنگرو رام نے شادی سے قبل اسے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ نہ صرف اس کی بلکہ اس کے بچوں کی بھی دیکھ بھال کرے گا۔منبھاوتی کے مطابق شادی کے اگلے ہی دن صبح سنگرو رام کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔
اسپتال لے جانے پر ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔دوسری جانب سنگرو رام کے اہل خانہ نے اس موت پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس میں مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ رشتہ داروں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے لاش اسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔