اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سعودی عرب نے مملکت آنے والے غیر ملکی مہمانوں کے لیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کیا ہے۔ اب وزیٹرز اپنے قیام کے دوران بینک اکاؤنٹ کھول سکیں گے۔سعودی سینٹرل بینک (ساما) کے مطابق بینکوں میں اکاؤنٹ کھولنے کے لیے ’’وزیٹر آئی ڈی‘‘ کو قابلِ قبول قرار دے دیا گیا ہے۔
یہ شناختی دستاویز وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کی جاتی ہے اور اس کی تصدیق مجاز ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ممکن ہے۔ساما کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے وزیٹرز کو مالی لین دین میں آسانی ہوگی اور بینکوں کو نئے صارفین کی ایک بڑی تعداد تک رسائی حاصل ہو گی۔ مزید یہ کہ یہ اقدام مملکت میں آنے والے مہمانوں کے تجربے کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔مرکزی بینک نے وضاحت کی کہ بینک اکاؤنٹ کے قوانین میں یہ تبدیلی وقتاً فوقتاً کیے جانے والے جائزے کا حصہ ہے، تاکہ جدید ریگولیٹری تقاضوں کے مطابق سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس کا مقصد مالی شمولیت میں اضافہ کرنا اور بینکنگ کے شعبے میں جاری ڈیجیٹل تبدیلی کے اقدامات کو مزید تقویت دینا ہے۔