واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پینٹاگون یعنی محکمہ دفاع کا نام تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے ایک صدراتی حکم جاری کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے تاکہ محکمہ دفاع کو بطور محکمہ جنگ استعمال کیا جائے، جو اس کا اصل میں پرانا نام تھا۔اس حکم کے تحت یہ نام ثانوی عنوان کے طور پر استعمال ہوگا یعنی سرکاری دستاویزات، اعلانات، اور مراسلت میں اسے بطور انتخابی عنوان استعمال کیا جاسکے گا، جبکہ قانونی طور پر صرف کانگریس ہی اس کا مستقل نام تبدیل کر سکتی ہے۔
سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو بھی سیکریٹری برائے جنگ کا ٹائٹل دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں متعلقہ حکومتی مراکز جیسے Pentagon War Annex اور چیف پبلک افیئرز روم وغیرہ کے نام بھی تبدیل کرنے کی اجازت دی جائے گی۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دفاع کا لفظ بہت محفوظ یا دفاعی تاثر دیتا ہے جبکہ جنگ زیادہ جارحانہ، مثر اور فوری قوت کے احساس کو اجاگر کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام جنگی جذبہ کو دوبارہ زندہ کرنے کی ایک کوشش ہے اور یہ پہلا قدم ہے ممکنہ طویل مدتی تبدیلی کی جانب جو کانگریس کے ذریعے قانونی شکل اختیار کرے گا۔