اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنؤ میں 13 سالہ لڑکی کو انسٹاگرام پر دوستی کے بہانے نوجوان نے دھوکے سے استحصال کا نشانہ بنا ڈالا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم آریان سنگھ نے لڑکی کو پہلے انسٹاگرام پر فرینڈ ریکویسٹ بھیجی اور تعلقات قائم کرنے کے بعد نہ صرف اسے ذہنی و جسمانی طور پر اذیت دی بلکہ لاکھوں روپے بھی ہتھیا لیے۔
متاثرہ لڑکی کے والد کی درخواست پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق لڑکی کی جانب سے سوشل میڈیا پر ملزم کو بلاک کرنے کے بعد، اس نے ایک جعلی آئی ڈی بنا کر دوبارہ رابطہ قائم کیا اور مسلسل ڈراتا دھمکاتا رہا۔جب لڑکی نے یہ معاملہ اپنی بڑی بہن کو بتایا تو ملزم نے مزید خوفزدہ کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے کہا ہے کہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔