اسلام آباد (نیوز ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر مئی کے تنازعے کے دوران سات جنگی طیارے تباہ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس بار انہوں نے نہ صرف اس واقعے کا ذکر کیا بلکہ طیاروں کی قیمت بھی بیان کی، جس سے تجزیہ کاروں کے مطابق یہ واضح اشارہ ملتا ہے کہ وہ بھارتی طیاروں کی بات کر رہے ہیں۔
اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جھڑپ میں سات طیارے گرے، اور یہ تعداد اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے کیونکہ اصل اعداد و شمار سامنے نہیں لائے جا رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان میں ایسے طیارے بھی شامل ہیں جن کی مالیت 150 ملین ڈالر تک تھی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی اس بات سے غالب امکان ہے کہ وہ بھارتی رافیل طیاروں کی طرف اشارہ کر رہے ہیں کیونکہ پاکستان کے پاس اس قیمت کے طیارے موجود نہیں ہیں، جبکہ یہ تخمینہ رافیل طیاروں کی قیمت کے قریب ہے۔