اسلام آباد (نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں انسانیت دوست عدالتی فیصلوں کے لیے معروف امریکی جج فرینک کیپریو طویل علالت کے بعد 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔امریکی میڈیا کے مطابق وہ اپنے اہلِ خانہ کے درمیان پُرسکون انداز میں اس دنیا سے رخصت ہوئے۔جج کیپریو کو ان کے نرم مزاج فیصلوں، رحم دلی اور انسانیت پر یقین رکھنے کے سبب نہ صرف امریکہ بلکہ عالمی سطح پر بے حد پسند کیا جاتا تھا۔ ان کے عدالتی فیصلے قانون کے ساتھ ساتھ ہمدردی اور انصاف کی اعلیٰ مثال سمجھے جاتے تھے۔فرینک کیپریو کے فیصلوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد نے دیکھی ہیں اور ان کی شخصیت نے دنیا بھر کے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی۔وہ ہر مقدمے میں ملزم کی صورتحال اور جذبات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے ایسا فیصلہ سناتے جو قانونی تقاضوں کے ساتھ اخلاقی پہلوؤں پر بھی پورا اترتا۔
انہیں نہ صرف ایک انصاف پسند جج بلکہ ایک محبت کرنے والے شوہر، شفیق والد، دادا، پردادا اور بہترین دوست کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ ان کی زندگی نے لاکھوں لوگوں کو نرمی، ہمدردی اور درگزر جیسے اوصاف اپنانے کی ترغیب دی۔فرینک کیپریو کی یاد میں دنیا بھر میں یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے معاشرے میں محبت، برداشت اور انسانیت کو فروغ دیا جائے، جیسا کہ وہ اپنی پوری زندگی میں کرتے رہے۔