اسلام آبا د (نیوز ڈیسک) افغانستان کے صوبہ ہرات میں ایک ہولناک ٹریفک حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 76 تک جا پہنچی ہے۔صوبائی انتظامیہ کے ترجمان محمد یوسف سعیدی نے بتایا کہ یہ حادثہ منگل کی شب ہرات شہر کے نزدیک ضلع گذارہ میں پیش آیا۔ ان کے مطابق ایک مسافر کوچ، جس میں ایران سے واپس آنے والے افغان باشندے سوار تھے اور جو کابل جا رہی تھی، تیز رفتاری کے باعث ایک موٹرسائیکل اور تیل بردار ٹرک سے ٹکرا گئی۔
تصادم کے بعد گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس نے شدید تباہی مچائی۔ترجمان کے مطابق 76 مسافر موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ تین افراد نازک حالت میں زخمی ہیں۔ پولیس حکام نے بتایا کہ زیادہ تر لاشیں جھلس جانے کے باعث شناخت میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے بختار کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ حالیہ برسوں میں افغانستان کا سب سے مہلک سڑک حادثہ ہے۔اقوام متحدہ کی مائیگریشن ایجنسی کے مطابق اس سال کے آغاز سے اب تک تقریباً پندرہ لاکھ افغان شہری ایران اور پاکستان سے واپس لوٹ چکے ہیں کیونکہ دونوں ملکوں نے افغان مہاجرین کی واپسی کی پالیسی سخت کر دی ہے۔
خیال رہے کہ افغانستان میں حادثات کی بڑی وجوہات میں خستہ سڑکیں، ٹریفک قوانین پر عمل درآمد نہ ہونا اور لاپرواہ ڈرائیونگ شامل ہیں۔ گزشتہ سال دسمبر میں بھی ملک کے وسطی حصے میں بس، آئل ٹینکر اور ٹرک کے ٹکرانے سے کم از کم 52 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔