اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سعودی عرب کے شہر طائف میں ایک منفرد اور قابلِ مثال واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے اپنی سوکن کے لیے قربانی دے کر سب کو حیران کر دیا۔گلف نیوز کے مطابق نورا سالم الشمری، جو ماجد بلدہ الروقی کی پہلی بیوی ہیں، نے اپنے شوہر کی دوسری بیوی تغرید عوض السعدی کو جگر عطیہ کیا۔ تغرید طویل عرصے سے ڈائیلیسز پر تھیں کیونکہ ان کے دونوں گردے ناکارہ ہو چکے تھے۔گردوں کی خرابی کے باعث تغرید کا جگر بھی شدید متاثر ہوا۔ ماجد نے بیوی کے علاج کے لیے امریکا تک کا سفر کیا لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔
آخرکار شوہر نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی دوسری بیوی کو گردہ عطیہ کریں گے۔شوہر کی اس قربانی کو دیکھتے ہوئے پہلی بیوی نورا نے اللہ کی خوشنودی کے لیے اپنا 80 فیصد جگر تغرید کو دینے کا فیصلہ کیا۔ طبی معائنے میں دونوں کا بلڈ گروپ میچ ہونے کے بعد کامیاب آپریشن کیا گیا، اور یہ واقعہ ایثار و محبت کی ایک نادر مثال بن گیا۔