اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر روس سے سستا تیل خرید کر اسے عالمی مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کرنے اور اس عمل سے غیر معمولی مالی فائدہ اٹھانے کا الزام عائد کیا ہے۔اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر جاری ایک بیان میں ٹرمپ نے بھارت کے رویے کو بے حسی اور منافع خوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اس بات کی کوئی فکر نہیں کہ روسی حملوں سے یوکرین میں انسانی جانوں کا کتنا نقصان ہو رہا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ بھارت صرف روسی تیل خرید کر ہی نہیں رکتا بلکہ اسے دوبارہ عالمی منڈی میں فروخت کر کے بھاری منافع حاصل کر رہا ہے، جبکہ یوکرین میں ہزاروں لوگ اس جنگ کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کے اس طرز عمل کے پیش نظر امریکہ درآمدی ٹیکسز میں نمایاں اضافہ کرے گا تاکہ اس معاشی فائدے کا تدارک کیا جا سکے۔ ٹرمپ نے اپنے بیان میں بھارت کی اس پالیسی کو غیر اخلاقی اور انسانی ہمدردی کے اصولوں کے خلاف قرار دیا۔