اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سعودی حکام نے گزشتہ ہفتے ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم اور کام کرنے والے غیرملکیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں 22 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق، ان گرفتاریوں میں سب سے زیادہ تعداد ان افراد کی ہے جنہوں نے اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کی۔ ایسے 13,835 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اس کے علاوہ 4,772 غیر ملکیوں کو غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا گیا، جب کہ 3,540 افراد محنت کے قوانین توڑنے پر زیرِ حراست آئے۔
دوسری جانب سعودی اینٹی کرپشن اتھارٹی نے رواں ماہ جولائی 2025 کے دوران سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 425 سرکاری ملازمین کی تفتیش کی۔ رپورٹ کے مطابق ان میں سے 142 افراد کو بدعنوانی کے الزامات پر گرفتار کیا گیا، جب کہ بعض افراد کو تفتیش کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ قانون کی بالادستی اور نظم و ضبط کے قیام کے لیے ایسی کارروائیاں مستقل بنیادوں پر جاری رہیں گی۔