اسلام آباد (نیوز ڈیسک)چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق، چین کی اسلحہ ساز صنعت نے ایک جدید فضائی دفاعی نظام “HQ-29” تیار کر لیا ہے، جو نہ صرف خلا میں موجود دشمن سیٹلائٹس کو نشانہ بنا سکتا ہے بلکہ ہائپرسونک رفتار سے پرواز کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کو بھی تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس پیش رفت کے ساتھ، چین اب امریکا اور روس کے بعد تیسرا ایسا ملک بن چکا ہے جو خلا میں دشمن کے فضائی اثاثے تباہ کرنے کے لیے مؤثر میزائل ٹیکنالوجی رکھتا ہے۔
اس نئے میزائل سسٹم کو ماہرین ایک “گیم چینجر” قرار دے رہے ہیں، جو چین کے دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔عسکری تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ مستقبل میں پاکستان بھی اس جدید HQ-29 ایئر ڈیفنس سسٹم میں دلچسپی ظاہر کر سکتا ہے تاکہ وہ اپنے خطے میں موجود تیز رفتار اور جدید ہتھیاروں کے خطرے کا مؤثر جواب دے سکے۔چین حالیہ برسوں میں عسکری سائنس اور ٹیکنالوجی میں نمایاں پیش رفت کر رہا ہے، اور اب وہ عالمی طاقتوں امریکا اور روس کے برابر کھڑا ہوتا دکھائی دیتا ہے، جو اس کی سپر پاور بننے کی راہ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔