اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امریکہ کی ایک معروف ٹیکنالوجی کمپنی “آسٹرونومر” کے چیف ایگزیکٹو اینڈی بائرن کو انٹرنیٹ پر ایک متنازع ویڈیو وائرل ہونے کے بعد رخصت پر بھیج دیا گیا ہے، جب کہ کمپنی نے معاملے کی اندرونی انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ ویڈیو کولڈ پلے بینڈ کے ایک میوزیکل کنسرٹ کے دوران بنائی گئی، جہاں مداحوں کو دکھاتے ہوئے کیمرے کی آنکھ نے اچانک اینڈی بائرن اور کمپنی کی ہیومن ریسورس ہیڈ کرسٹین کیبوٹ کو ایک دوسرے سے بظاہر قربت کے مناظر میں قید کر لیا۔
کیمرے کی توجہ محسوس کرتے ہی دونوں افراد بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے—اینڈی بائرن فوراً جھک گئے، جبکہ کرسٹین نے چہرہ دوسری طرف موڑ لیا، مگر ان کی کوششیں ناکام رہیں اور ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
رپورٹس کے مطابق دونوں افسران شادی شدہ ہیں اور کمپنی کے ضابطہ اخلاق کی ممکنہ خلاف ورزی پر عوامی سطح پر تنقید کا سامنا کر رہے ہیں۔ وائرل ویڈیو کے بعد سی ای او کی اہلیہ نے اپنا فیس بک اکاؤنٹ بند کر دیا، جب کہ اینڈی بائرن نے لنکڈ ان پر کمنٹس کی سہولت بند کر دی ہے۔
کمپنی کی انتظامیہ نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے سی ای او کو عارضی طور پر ذمہ داریوں سے سبکدوش کر دیا ہے اور واقعے کی مکمل اندرونی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔
Coldplay accidentally exposed an alleged affair between Astronomer CEO Andy Byron and his colleague Kristin Cabot at one of their recent concerts. pic.twitter.com/hsJHV2u5UM
— Pop Base (@PopBase) July 17, 2025