اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع گونا میں ایک شخص کو زہریلے سانپ کو ریسکیو کرنے اور اس کے ساتھ کرتب کرنے کی بھاری قیمت اپنی جان کی صورت میں چکانا پڑی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، 42 سالہ دیپک مہاور، جو پیشے کے لحاظ سے سانپوں کو محفوظ طریقے سے پکڑ کر جنگل میں چھوڑنے کا کام کرتا تھا، کو بربت پورہ گاؤں سے ایک خطرناک کوبرا کی موجودگی کی اطلاع ملی۔
دیپک فوراً موقع پر پہنچا اور سانپ کو پکڑ لیا۔اسی دوران اسے اپنے بیٹے کے اسکول سے کال موصول ہوئی کہ وہ بیٹے کو اسکول سے لے جائے۔ دیپک نے سانپ کو اپنے گلے میں ڈال کر بیٹے کو لینے کا فیصلہ کیا۔ راستے میں لوگوں نے اسے دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا اور اس لمحے کی ویڈیوز بھی بنائیں۔بیٹے کو اسکول سے لے جانے کے بعد جب وہ گھر پہنچا تو کوبرا نے دیپک کے ہاتھ پر کاٹ لیا، جس کے فوراً بعد وہ بے ہوش ہوگیا۔ اُسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اس کی حالت بہتر ہوئی اور ڈاکٹرز نے اسے گھر جانے کی اجازت دے دی۔تاہم، بدقسمتی سے وہی زخم جان لیوا ثابت ہوا۔ رات گئے اس کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ خالقِ حقیقی سے جا ملا۔مقامی افراد کے مطابق دیپک کافی عرصے سے سانپوں کو بغیر نقصان پہنچائے آبادی سے نکال کر قدرتی ماحول میں واپس چھوڑنے کے کام میں ماہر تھا، اور اس نے درجنوں نہیں، سینکڑوں سانپ ریسکیو کیے تھے۔