اسلام آباد (نیوز ڈیسک)برازیل نے بھارت کے تیار کردہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے آکاش میزائل سسٹم کے حصول کے سلسلے میں جاری مذاکرات روک دیے ہیں اور اب ایک جدید یورپی دفاعی نظام کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔بھارتی اخبار “اکنامک ٹائمز” کی رپورٹ کے مطابق برازیل کی فضائیہ ابتدائی طور پر بھارت کے روایتی آکاش میزائل سسٹم میں دلچسپی رکھتی تھی، تاہم حالیہ پیش رفت کے بعد اس نے یورپی کمپنی MBDA کے تیار کردہ CAMM-ER میزائل سسٹم کی طرف رجوع کرلیا ہے۔ یورپی نظام کی مار 45 کلومیٹر تک بتائی گئی ہے، جبکہ بھارت کے آکاش میزائل کی رینج 25 سے 30 کلومیٹر کے درمیان ہے۔
رپورٹ کے مطابق برازیل کو یہ خدشہ تھا کہ بھارت کی طرف سے پیش کیا گیا سسٹم جدید آکاش-NG ورژن پر مشتمل نہیں، کیونکہ وہ ابھی مکمل طور پر تیار نہیں ہوا۔ اس وجہ سے برازیلی حکام نے فیصلہ کیا کہ وہ ایک ایسا نظام اپنائیں جو ٹیکنالوجی کے لحاظ سے بہتر، زیادہ رینج والا اور پہلے سے یورپی ممالک میں کامیابی سے استعمال شدہ ہو۔یورپی CAMM-ER سسٹم کو جدید دفاعی ضروریات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے اور یہ نیٹو ممالک کی افواج میں بھی استعمال کیا جا رہا ہے، جسے برازیل نے اپنے لیے زیادہ قابل اعتماد سمجھا۔