واشنگٹن (این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر ملکی طلبا کے لیے محدود مدت کے ویزے جاری کرنے کی تجویز دے دی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کے ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی نے اس تجویز کو آفس آف مینجمنٹ اینڈ بجٹ کے جائزے کے لیے پیش کر دیا ہے۔یہ تجویز ڈونلڈ ٹرمپ نے 2020 میں اپنی پہلی صدارتی مدت کے دوران پیش کی تھی جو کہ اب ان کی دوسری صدارتی مدت کے دوران امیگریشن کے خلاف سخت ترین کارروائی کے آغاز پر دوبارہ سامنے آئی ہے۔
اس تجویز کے مطابق امریکا کی جانب سے غیر ملکی طلبا کو جاری کیے گئے ویزوں کی ایک محدود مدت ہوگی اور وہ مدت ختم ہونے کے بعد طلبا امریکا میں مزید قیام نہیں کر سکیں گے۔حالیہ قوانین کے تحت F-1 ویزا رکھنے والے بین الاقوامی طلبا اورJ-1 کلچرل ایکسچینج ویزا رکھنے والے غیر ملکی طلبا و میڈیا نمائندوں کو ان کی تعلیم اور ٹریننگ سیشن مکمل ہونے تک امریکا میں رہنے کی اجازت ہوتی ہے۔ اگر ڈونلڈ ٹرمپ کی یہ نئی تجویز منظور ہو جاتی ہے تو غیر ملکی طلبا کو محدود مدت کے ویزے جاری کیے جائیں گے اور ویزے کی محدود مدت ختم ہونے کے بعد امریکا میں مزید قیام کے لیے طلبا کو متعلقہ حکام کو درخواست دے کر ویزے کی مدت میں توسیع کروانی پڑے گی۔