اسلام آباد (نیوز ڈیسک)قطر کی حکومت نے اس سال عیدالاضحیٰ کے موقع پر پانچ دن کی سرکاری چھٹیوں کا اعلان کیا ہے۔ ان تعطیلات کا آغاز اسلامی مہینے ذوالحجہ کی 9 تاریخ یعنی یوم عرفہ سے ہوگا، جو کہ اسلامی کیلنڈر کے اعتبار سے نہایت مقدس دن سمجھا جاتا ہے۔اعلان کے مطابق قطر میں یہ تعطیلات 9 ذی الحجہ سے لے کر 13 ذی الحجہ تک جاری رہیں گی، تاہم ان تواریخ میں حتمی تبدیلی چاند کی رویت کے مطابق کی جا سکتی ہے۔ادھر عیدالفطر کے بعد اب شوال کے اختتام اور ذوالحجہ کے آغاز کے پیش نظر عیدالاضحیٰ کی متوقع تاریخوں پر بھی ماہرین فلکیات نے اپنی پیشگوئیاں جاری کر دی ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں ایمریٹس آسٹرونومی سوسائٹی کا کہنا ہے کہ ذوالحجہ کا چاند 27 مئی کو نظر آنے کا امکان ہے، جس کی بنیاد پر یو اے ای میں عیدالاضحیٰ جمعہ 6 جون کو ہو سکتی ہے۔ اگر یہ پیشن گوئی درست ثابت ہوتی ہے تو وہاں جمعرات 5 جون (یوم عرفہ) سے اتوار 8 جون تک کی چار روزہ تعطیلات متوقع ہیں۔دوسری جانب پاکستان میں فلکیاتی اندازوں کے مطابق ہفتہ 7 جون کو عید منائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس صورت میں پاکستان میں عید کی تعطیلات جمعہ 6 جون سے پیر 9 جون تک دی جا سکتی ہیں۔یاد رہے کہ عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا تعین ہر ملک میں متعلقہ رویت ہلال کمیٹی کے چاند دیکھنے کے بعد کیا جاتا ہے، لہٰذا ان تاریخوں میں تبدیلی کا امکان برقرار ہے۔