اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ایک اعلیٰ فرانسیسی انٹیلیجنس افسر نے امریکی ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ پاکستان نے حالیہ جھڑپ میں بھارتی فضائیہ کے ایک رافیل جنگی طیارے کو نشانہ بنایا ہے۔ فرانسیسی حکومت اس واقعے کی مکمل تفصیلات جاننے کی کوشش کر رہی ہے اور یہ جانچ جاری ہے کہ آیا پاکستان نے صرف ایک یا ایک سے زیادہ رافیل طیارے تباہ کیے ہیں۔
ادھر امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر اس واقعے کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ پہلا موقع ہوگا جب فرانس میں تیار کردہ جدید رافیل طیارے کو کسی جنگی کارروائی میں نقصان اٹھانا پڑا ہو۔واضح رہے کہ پاکستانی فوج کے ترجمان کے مطابق، بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے پانچ بھارتی طیارے تباہ کیے، جن میں تین رافیل بھی شامل تھے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی دفاعی نوعیت کی تھی اور بھارت کی جانب سے کی گئی فضائی دراندازی کے جواب میں کی گئی۔