ڈھاکہ (نمائندہ خصوصی) بنگلہ دیش کے ریٹائرڈ فوجی افسر اور عبوری حکومت میں اہم ذمہ داری ادا کرنے والے سابق اہلکار میجر جنرل فضل الرحمان نے ایک متنازع تجویز پیش کی ہے، جس میں انہوں نے پاکستان پر بھارتی جارحیت کی صورت میں بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں پر قبضے کی بات کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق ڈائریکٹر جنرل بنگلہ دیش رائفلز (بی ڈی آر) میجر جنرل (ر) فضل الرحمان نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بنگلہ دیشی عبوری حکومت کو مشورہ دیا کہ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف حملہ کیا تو جواباً بنگلہ دیش کو بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں پر کنٹرول حاصل کرنے کی حکمت عملی اپنانی چاہیے۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے مزید تجویز دی کہ بنگلہ دیش کو چین کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ دفاعی نظام کے قیام پر بات چیت کا آغاز کرنا چاہیے تاکہ خطے میں توازن قائم رکھا جا سکے۔ فضل الرحمان کی یہ تجاویز ایسے وقت پر سامنے آئی ہیں جب بھارت کی جانب سے کشمیر کے پہلگام حملے کا الزام بغیر ثبوت پاکستان پر عائد کیا گیا ہے، جس سے خطے میں سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ میجر جنرل (ر) فضل الرحمان کو گزشتہ برس عبوری حکومت کی جانب سے ایک سات رکنی خودمختار کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا، جسے 2009 میں بنگلہ دیش رائفلز ہیڈکوارٹر (پِلخانہ) میں ہونے والی خونی بغاوت اور اُس میں ہلاک ہونے والے 74 افراد، جن میں 57 فوجی افسر بھی شامل تھے، کی ازسرنو تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔