نئی دہلی (این این آئی)بھارت نے 60 بھارتی خواتین کو زبردستی بھارت میں روک لیا، سفارتی ذرائع کے مطابق یہ خواتین انڈین شہری ہیں، جن کی شادیاں پاکستانی شہریوں سے ہوئی ہیں اور یہ خواتین اپنے خاندان اور رشتہ داروں سے ملنے بھارت گئی تھیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت نے پاکستان جانے والی 60 خواتین کو ملک چھوڑنے سے روک دیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے روکے جانے والی 60 خواتین کی شادیاں پاکستانی شہریوں سے ہوئی ہیں، ان خواتین کے پاس پاکستان کے طویل المدتی ویزے موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق بھارتی خواتین کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کو بھی پاکستان واپسی سے روک دیا گیا ہے۔بھارتی خواتین اپنے اہل خانہ عزیز و اقارب سے ملنے بھارت گئیں تھیں، ان خواتین کو بھارتی شہر امرتسر کی انتظامیہ نے پاکستان واپسی سے روکا ہے۔
پاکستان واپس آنے کی خواہشمند بھارتی خواتین گزشتہ 2 روز سے امرتسر میں پھنسی ہوئی ہیں، ان کو امرتسر سے کہیں اور جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔یاد رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت نے ایک دوسرے کے شہریوں کے سارک ویزا استثنیٰ کے تحت جاری کیے گئے ویزے منسوخ کردیے تھے۔واہگہ بارڈرکے حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 288 بھارتی شہری واپس بھارت گئے ہیں۔سرحدی حکام کے مطابق بھارت سے 190 پاکستانی شہری بھی وطن واپس لوٹے ہیں۔واہگہ بارڈر پر دیگر ٹرانزٹ اور تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل کردی گئی ہیں۔