واشنگٹن (این این آئی )مریکا نے کہا ہے کہ بھارت حملے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا بھارت کے ساتھ کھڑا ہے۔
پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ ہم ان لوگوں کے لیے دعاگو ہیں جن کے عزیز اس واقعہ میں مارے گئے اور دعاگو ہیں کہ زخمی جلد صحت یاب ہوں۔اس سوال پر کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پہلے دور صدارت میں پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کے لیے کردار کی خواہش ظاہر کی تھی، ترجمان محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے کہا کہ وہ اس معاملے پر تبصرہ نہیں کریں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس صورتحال پر مزید کچھ بھی نہیں کہیں گی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو پہلے ہی اس معاملے میں بات کرچکے ہیں۔ محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ صدر اور وزیر خارجہ اس ضمن میں اپنا موقف واضح کرچکے ہیں، اس لیے وہ خود اس معاملے پر مزید کچھ نہیں کہیں گی۔