اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عیسائی دنیا کی روحانی قیادت کرنے والے پوپ فرانسس کا 88 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ ویٹی کن سٹی سے جاری ہونے والے سرکاری اعلامیے میں ان کے انتقال کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
پوپ فرانسس، جن کا اصل نام خورخے ماریو برگولیو تھا، 2013 میں پوپ بینڈکٹ کے مستعفی ہونے کے بعد کیتھولک چرچ کے سربراہ بنے تھے۔ وہ رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی پوپ تھے اور اس سے قبل ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں آرچ بشپ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے تھے۔
گزشتہ چند ماہ سے پوپ فرانسس مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔ 14 فروری کو سانس کی شدت میں خرابی کے باعث انہیں اسپتال داخل کرایا گیا تھا، جہاں نمونیا کی تشخیص کے بعد انہوں نے پانچ ہفتے زیرِ علاج گزارے۔ طبیعت میں بہتری کے بعد وہ کچھ ہفتے قبل ویٹی کن واپس آئے اور ایسٹر کے موقع پر عوام سے ملاقاتیں بھی کیں۔
تاہم ان کی صحت دوبارہ بگڑنے لگی اور بالآخر 88 برس کی عمر میں وہ دنیا سے رخصت ہو گئے۔ پوپ فرانسس کی رحلت پر دنیا بھر میں عیسائی برادری غمزدہ ہے اور انہیں ایک سادہ مزاج، اصلاحات پسند اور بین المذاہب ہم آہنگی کا داعی رہنما قرار دیا جا رہا ہے۔