مالے (این این آئی )مالدیپ نے اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مالدیپ نے یہ اقدام غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینیوں کی حمایت میں اٹھایا ہے۔
رپورٹ میں مالدیپ کے صدارتی دفتر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ملک کے ویزا قوانین میں اس ترمیم کی منظوری پارلیمنٹ نے پیر کو اور صدر محمد معیزو نے منگل کو دی تھی۔رپورٹ کے مطابق مالدیپ کی امیگریشن سروس نے واضح کیا کہ دہری شہریت رکھنے والے اسرائیلی دوسرے پاسپورٹ سے ملک میں داخل ہو سکیں گے۔اس حوالے سے حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ توثیق غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف مالدیپ کی حکومت کے مضبوط موقف کی عکاسی کرتی ہے۔خوبصورت سیاحتی مقامات کے لیے مشہور مالدیپ میں ہر سال اسرائیلی شہریوں کی بڑی تعداد سیاحت کی غرض سے آتی ہے۔تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق فروری میں اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے 59 افراد مالدیپ میں داخل ہوئے۔