اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع ہردوئی میں ایک غیرمعمولی فراڈ کا واقعہ سامنے آیا ہے جس نے پولیس کو بھی الجھن میں ڈال دیا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق تین خواتین پر مشتمل ایک دھوکہ دہ گینگ نے متعدد نوجوانوں کو جعلی شادیوں کا جھانسہ دے کر ان سے رقم اور زیورات ہتھیائے اور بعد ازاں رفو چکر ہو گئیں۔ اطلاعات کے مطابق، اس گروہ نے اب تک کم از کم 13 نوجوانوں کو اپنا شکار بنایا ہے۔
متاثرہ شخص نیرج گپتا نے پولیس سے رجوع کرتے ہوئے بتایا کہ ایک شخص پرمود نے اسے اپنی مبینہ پوتی پوجا سے شادی کروانے کا کہا، جس پر وہ اسے ہردوئی کے رجسٹرار آفس لے گیا جہاں باضابطہ نکاح بھی کرایا گیا۔نیرج نے شادی کے بعد دلہن پر اعتماد کرتے ہوئے اسے قیمتی زیورات اور نقد رقم حوالے کر دی۔ لیکن چند ہی دن بعد دلہن پوجا اور اُس کا “دادا” پرمود اچانک لاپتہ ہو گئے۔واقعے کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین خواتین پوجا عرف سونم، آشا عرف گڈی، اور سنیتا — کو گرفتار کر لیا۔ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں زیورات اور نقد رقم بھی برآمد ہوئی ہے۔تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ یہ گروہ ریاست کے مختلف علاقوں میں ایسے نوجوانوں کو نشانہ بناتا تھا جو شادی کے خواہشمند ہوتے، اور پھر فرضی شادی کے بعد انہیں مالی نقصان پہنچا کر فرار ہو جاتا تھا۔