اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بنگلہ دیش کی حکومت نے اپنے شہریوں کے پاسپورٹس پر دوبارہ وہ عبارت شامل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے جس میں واضح طور پر لکھا جاتا ہے کہ “یہ پاسپورٹ اسرائیل کے علاوہ دنیا کے تمام ممالک کے لیے قابلِ استعمال ہے”۔
بنگلہ دیشی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت داخلہ کے سیکیورٹی سروسز ڈویژن نے امیگریشن اور پاسپورٹ کے محکمے کو ہدایت کی ہے کہ اس مخصوص جملے کو پاسپورٹس پر دوبارہ شامل کیا جائے، جو کچھ عرصہ قبل ختم کر دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 2021 میں وزیر اعظم حسینہ واجد کے دورِ حکومت میں اس عبارت سے “سوائے اسرائیل” کے الفاظ ہٹا دیے گئے تھے، تاہم اس وقت بھی حکومتی مؤقف یہی تھا کہ اسرائیل سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
حال ہی میں بنگلہ دیش میں فلسطینی عوام سے یکجہتی کے اظہار میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا، جہاں دارالحکومت ڈھاکا میں لگ بھگ ایک لاکھ افراد نے غزہ کے حق میں مظاہرہ کیا۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان کے پاسپورٹ پر بھی ایسی ہی عبارت درج ہے جس میں اسرائیل کے سوا دنیا کے تمام ممالک کے لیے اس کی افادیت کا ذکر کیا گیا ہے۔