لندن(این این آئی)برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو 190ملین پاؤنڈ کیس میں احتساب عدالت سے سزا سنائے جانے کے بعد سے پاکستان کے ٹرمپ انتظامیہ سے تصادم کا امکان بڑھ گیا ہے۔برطانوی اخبار کے مطابق ممبئی سے سمن لطیف نے لکھتے ہوئے کہاکہ عمران خان کو ملنے والی سزا نے ٹرمپ انتظامیہ کی ان سینئر شخصیات کے ساتھ حکومت پاکستان کا تصادم کا آغاز کر دیا ہے جو ان کی رہائی کیلئے مہم چلا رہے تھے۔
انہوںنے لکھاکہ عمران خان کے خلاف یہ فیصلہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری سے پہلے دیا گیا ہے جن کے اتحادی رچرڈ گرینل اور میٹ گیٹز، عمران خان کی رہائی کیلئے مہم چلا رہے ہیں۔اخبار کے مطابق ٹرمپ نے عمران خان کے ساتھ بھی تعلقات استوار کیے جن سے وہ جولائی 2019میں واشنگٹن میں ملے تھے۔ دونوں کی ملاقات 2020میں ڈیووس میں دوبارہ ہوئی، جہاں ٹرمپ نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم کو بہت اچھا دوست کہا لیکن عمران خان نے سبکدوش ہونے والے امریکی صدر جو بائیڈن سے کبھی ملاقات نہیں کی۔