دمشق(این این آئی)شام کے معزول صدر بشار الاسد کی اہلیہ اسما الاسد خون کے کینسر (لیوکیمیا)میں مبتلا ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس بیماری میں بچنے کے امکانات 50، 50 فیصد ہوتے ہیں۔برطانوی نژاد شام کی سابق خاتونِ اول کا علاج جاری ہے اور اسی دوران انفیکشن کے خطرے کو کم کرنے کے لیے انہوں نے خود کو الگ بھی کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسما الاسد اس سے قبل 2019 میں چھاتی کے سرطان میں بھی مبتلا ہو چکی ہیں، علاج کے ایک سال بعد انہوں نے خود کو کینسر فری قرار دیا تھا۔اسما الاسد 1975 میں لندن میں شامی والدین کے ہاں پیدا ہوئی تھیں، ان کے پاس برطانیہ اور شام کی دہری شہریت ہے۔اسما الاسد نے کنگز کالج لندن سے کمپیوٹر سائنس اور فرانسیسی ادب میں ڈگریاں مکمل کیں تاہم کیریئر کے حوالے سے انہوں نے سرمایہ کاری بینکنگ کا انتخاب کیا تھا۔اسما الاسد اور بشار الاسد کی شادی دسمبر 2000 میں ہوئی تھی اور ان کے 3 بچے حفیظ، زین اور کریم ہیں۔سابق خاتونِ اول نے شام میں بغاوت شروع ہونے کے بعد سے مبینہ طور پر اپنے بچوں کے ساتھ لندن میں جلاوطنی اختیار کرنے کی کوشش کی تھی۔اسما الاسد نے معزول شامی صدر سے طلاق کی درخواست بھی دائر کی ہے کیونکہ وہ خود کو روس میں مطمئن محسوس نہیں کر رہیں۔