طرابلس(این این آئی )لیبیا میں شادی کی تقریب میں لائے جانے والے پالتو شیر نے متعدد مہمانوں پر حملہ کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا۔عرب ٹی وی کے مطابق ناخوشگوار واقعہ دارالحکومت طرابلس میں پیش آیا جہاں شادی کی تقریب کے مہمانوں میں شامل ایک شخص اپنے پالتو شیر کو بھی لے کر شادی ہال میں پہنچ گیا۔
شیر اپنے مالک کے ساتھ ہال میں داخل ہوا تو وہ وہاں اتنے بہت سے لوگوں کو دیکھ کر گھبرا گیا ، مالک نے شیر کو اس حالت میں دیکھ اسے قابو کرنے کی کوشش کی مگر مالک سے زیادہ طاقتور شیر رسی چھڑا کر ہجوم پر لپکا، مالک نے دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر اس پر قابو پانے کی کوشش کی مگر شیر نے یہ کوشش ناکام بنا دی۔شیر کے مالک نے اس کے سر پر مخصوص طریقے سے چابک کا دستہ مارا جس پر وہ مزید غصے میں آگیا اور وہاں موجود افراد پر حملہ کردیا۔