مکہ مکرمہ(این این آئی)مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ زیتونی نے کہا ہے مسجد الحرام کے اطراف میں تمباکو مصنوعات کی فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ترجمان میونسپلٹی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ تمباکو مصنوعات کی فروخت کے حوالے سے نئے ضوابط کے مطابق شہر مقدس کے مرکزی علاقے کی کسی دکان یا سپر سٹورز پر تمباکو مصنوعات فروخت نہیں کی جاسکتیں۔
انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ کے دیگرمحلے جو مرکزی علاقے کی حدود سے باہر ہیںوہاں تمباکو مصنوعات کی فروخت کے لیے ضوابط مقرر کیے گئے ہیں جن کے تحت جو دکان 100 مربع میٹر سے کم رقبے پر ہوگی اسے سگریٹ وغیرہ فروخت کرنے کی اجازت نہیں۔ایسے دکانیں یا سپر سٹورز جن کا رقبہ 100 میٹر سے زائد ہے وہاں سگریٹ یا تمباکو مصنوعات فروخت کرنے کے لیے لازمی ہے وہ تمباکو مصنوعات کے لیے ایک مقام مخصوص کریں اور انہیں نمایاں نہ کیا جائے علاوہ ازیں تمباکو نوشی کے نقصانات کو واضح کرکے درج کیا جائے۔