اسلام آباد، ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی ) سعودی عرب اور پاکستان رواں ماہ مارچ کے دوران سرگودھا کے مصحف ایئربیس میں فضائی مشقیں کریں گے۔ سعودی وزارت دفاع کے مطابق سعودی فضائیہ کے کمانڈر شہزادہ ترکی بن بندر بن عبدالعزیز نے اتوار کو مشقوں میں شرکت
کرنے والے سعودی دستے کی تیاریوں کا معائنہ کیا ہے۔ یہ تیاریاں کنگ عبدالعزیز ایئر بیس میں ہورہی ہیں۔ اس موقع پر فضائی دستے کے کمانڈر نے شہزادہ ترکی بن بندر بن عبدالعزیز کو ایئر سسٹم اور اہلکاروں کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔ شہزادہ ترکی نے فضائی دستے میں شامل اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں۔دوسری جانب سعودی عرب اور برادر ملک سوڈان کی مسلح افواج پر مشتمل مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز جدہ میں ہو گیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق فلک 4کے عنوان سے ہونے والی ان مشقوں میں سعودی عرب کی شاہی نیول فورس اور سوڈان کی مغربی بیڑے پر تعینات افواج حصہ لے رہی ہیں۔ مشقوں کا آغاز سعودی عرب کے مغربی بیڑے کے کمانڈر میجرل جنرل یحیی بن محمد العسیری کی نگرانی میں شاہ فیصل نیول ایئربیس پر شروع ہوئیں۔اس موقع پر مشقوں کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل ھزاع بن قطیم المطیری نے کہا کہ سوڈان اور سعودی افواج کی مشترکہ مشقوں کا مقصد عسکری مہارتوں اور تجربات کا تبادلہ کرنا اور دونوں ممالک کی سمندری تحفظ کو لاحق چیلنج کا مقابلہ کرنے کی تیاری کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان مشقوں کا مقصد میرینز کے خصوصی سمندری سیکیورٹی یونٹس ، نیول ایوی ایشن گروپ ، سپورٹ ویسلز گروپ کے ساتھ مشترکہ مشقوں کے نفاذ کے ذریعے تصورات کو یکجا کرنا اور تجربات کا تبادلہ کرنا ہے۔