جکارتہ (این این آئی )انڈونیشیا کے حادثے کا شکار ہونے والے سری ویجایا ایئر کے بوئنگ 737-500 طیارے کا بلیک باکس برآمد کر لیا گیا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ ملنے والا آلہ کاک پٹ وائس ریکارڈر ہے یا فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس پیش رفت کے بعد تفتیشی عمل آگے بڑھ سکے گا اور پتا لگایا جا سکے گا کہ طیارہ پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد کیوں گرا۔
ساڑھے تین ہزار سے زائد اہلکاروں طیارے کے فلائٹ ریکارڈرز تلاش کرنے کے کام پر مامور تھے۔ ریسکیو حکام نے اب تک انسانی اعضا اور جہاز کے کئی ٹکڑے برآمد کر لیے ہیں اور ڈی این اے ٹیسٹ کی مدد سے ہلاک شدگان کی شناخت جاری ہے۔ یہ طیارہ جکارتہ سے اڑنے کے چار منٹ بعد ہی سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس طیارے میں مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت کل باسٹھ افراد سوار تھے۔