جنیوا(این این آئی) عالمی ادارہ صحت نے نریندر مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کے ریاست جموں وکشمیر پر دعوے کو مسترد کرتے ہوئے عالمی نقشے میں لداخ سمیت جموں وکشمیرں کو بھارت سے ایک علیحدہ خطے کے طور پر دکھایا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق
عالمی ادارہ صحت نے اپنی ویب سائٹ پر شائع کردہ دنیا کے نقشے میں بھارت کو نیلے رنگ میں دکھایا ہے جبکہ لداخ سمیت جموں و کشمیر کو ایک الگ خطے کے طوپر سرمئی رنگ میں دکھایا گیا ہے۔بھارت کے انگریزی اخبار”ٹائمز آف انڈیا” نے نقشے پر تبصرہ کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ لداخ سمیت جموں و کشمیر کو سرمئی رنگ میں دکھایا گیا ہے جبکہ بھارت کو نیلے رنگ میں دکھایاگیاہے۔ اکسائی چن کو بھی سرمئی رنگ میں دکھایا گیا ہے جس پر نیلے رنگ کی لکیریں ہیں۔اخبار نے لکھاکہ جموں و کشمیر اور لداخ کو ایک الگ خطے کے طورپر دکھانے کے پیچھے چین ہوسکتا ہے کیونکہ وہ عالمی ادارہ صحت کو اچھے خاصے فنڈز دیتا ہے ۔ اخبار نے اقوام متحدہ کی طرف سے جموں و کشمیر کی تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو نظر اندازکرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کے نقشے کے اثرات کو کم ترظاہر کرنے کی کوشش کی ہے ۔