ریاض ( آن لائن ) سعودی عرب میں ٹیکسی سروس اوبر اور کریم چلانے والے غیر ملکیوں کے لیے بری خبر ، سعودی حکومت نے مملکت میں غیر ملکی ڈرائیوروں کو کام کرنے سے روک دیا۔ غیر ملکی ڈرائیوروں کے اوبر اور کریم اکاؤنٹ بھی معطل کیے جا رہے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں اب کوئی غیر ملکی ڈرائیور اوبر اور کریم نہیں چلا سکے گا
اب سعودی عرب میں صرف سعودی مقامی شہری ہی ٹیکسی سروس اوبر اور کریم چلا سکیں گے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے بین الاقوامی ٹیکسی سروسز کی انتظامیہ کو بھی آگاہ کردیا ہے۔ اور سعودی عرب میں اوبر اور کریم پر رجسٹرڈ غیر ملکیوں کے اکاؤنٹ معطل کرنے کا عمل بھی شروع کیا جا چکا ہے۔اوبر اور کریم سروس پر غیرملکیوں پر پابندی کے بعد سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی ٹیکسی ڈرائیور کے طور پر روزگار نہیں کما سکیں گے۔بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت اس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کروائے گی۔ تاکہ مملکت میں موجود ہزاروں بے روزگار سعودی شہریوں کو آن لائن ٹیکسی سروس میں شامل ہو کر روزگار کمانے اور اپنی آمدنی میں اضافہ کرنے کا موقع مل سکے۔اس فیصلے سے سعودی معیشت مزید مستحکم ہو گی، مقامی افراد میں بے روزگاری بھی کم ہو گی اور مجموعی قومی پیداوار میں بھی اضافہ ہو گا۔جو آن لائن ٹیکسی سروسز اس پابندی کی خلاف ورزی کریں گے، انہیں اس حوالے سے تشکیل کردہ چارٹ کے مطابق جرمانوں کا سامنا کرنا ہو گا۔