نیویارک ( آن لائن )پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں یکم جنوری کو سب سے زیادہ بچوں کی پیدائش ہوئی۔اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے برائے اطفال یونیسیف کے تخمینے کے مطابق پاکستان میں سال نو کے پہلے دن تقریباً چودہ ہزار سے زائد بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے تخمینے کے مطابق یکم جنوری 2021 کو 3 لاکھ 71 ہزار 500 بچوں کی پیدائش ہونا تھی، اس تعداد میں نصف سے زیادہ بچوں کی پیدائش دس ملکوں میں ہونا تھی، جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔پاکستان میں تقریباً چودہ ہزار سے زائد بچوں کی پیدائش کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ باقی ممالک میں بھارت میں تقریباً 60 ہزار، چین میں ساڑھے 35 ہزار، نائیجیریا ساڑھے 21 ہزار اور انڈونیشیا میں 12 ہزار سے زائد بچوں کی پیدائش ہوئی۔یونیسیف کا اندازہ ہے کہ نئے سال کے دوران دنیا بھر میں 14 کروڑ کے لگ بھگ بچے پیدا ہوں گے اور وہ اس لحاظ سے خوش قسمت ہوں گے کہ وہ اوسطاً 84 سال زندہ رہیں گے اور انہیں بہتر مواقع میسر ہوں گے۔ اقوام متحدہ کے تخمینے کے مطابق 2019 میں عالمی اوسطً عمر ساڑھے 72 سال کے لگ بھگ تھی۔