ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈائون ہوا، دفاتر کے ساتھ ساتھ تمام سکولوں کو بھی بند کردیا گیا، سعودی عرب نے بھی دیگر ممالک کی طرح سخت اقدامات اٹھائے، حتیٰ کے حج کے موقع پر بھی محدود پیمانے پر اجازت دی گئی۔ سعودی عرب
میں اتنی سختی کی گئی کہ تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ مساجد کو بھی بند رکھا گیا، ایک سعودی اخبار کا کہنا ہے کہ اس دوران لاک ڈائون کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چھ سالہ بچی نے قرآن پاک حفظ کر لیا۔ اتنی چھوٹی عمر میں حنین نامی بچی نے یہ اعزاز حاصل کرکے سب کو حیران کر دیا۔ ریاض سے تعلق رکھنے والی بچی حنین ایک سکول سے منسلک مکنون سوسائٹی کی طالبہ ہے جو قرآن مجید کی تحفیظ و تدریس کا ادارہ ہے۔تعلیمی سرگرمیاں نہ ہونے کی وجہ سے بچی نے اس سے فائدہ اٹھایا اور چند ماہ کے اندر قرآن پاک حفظ کر ڈالا۔ بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ جب حنین صرف دو سال کی تھی تو اس نے قرآن پاک کی چھوٹی سُورتیں یاد کرنی شروع کر دی تھی لیکن تین سال کی عمر میں وہ باقاعدہ قرآن مجید حفظ کرنے کی جانب راغب ہوئی اور اس نے اس عمر میں آدھ پارہ حفظ کر لیا، بچی کو شوق کو دیکھتے ہوئے اس کے والدین نے بچی کو چھوٹی سی عمر میں ہی قرآن پاک حفظ کرنے پر لگا دیا، سعودی عرب میں لاک ڈائون سے پہلے حنین 19 سپارے حفظ کر چکی تھی اور لاک ڈائون کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس نے باقی گیارہ پارے بھی حفظ کر ڈالے۔