برسلز (این این آئی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کرسمس تک افغانستان سے تمام امریکی فوجیوں کی واپسی کے اعلان کے بعدنیٹوکے سکریٹری جنرل جینس اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کی کہ نیٹو کے تمام رکن افغانستان سے انخلا کے وقت کے بارے میں مشاورت کریں گے۔
نیٹو کے تمام ممالک ایک ساتھ ہی افغانستان سے فوجیں نکالیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں انکشاف کہ وہ افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کی واپسی پر عمل درآمد کی تیاری کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ اس سال تمام امریکی فوجی افغانستا سے نکل آئیں گے اور وہ کرسمس اپنے خاندان کے ساتھ ہی گذاریں گے۔جمہوریہ شمالی مقدونیہ کی حکومت کے سربراہ زوران زائف کے ساتھ ایک میڈیا بریفنگ میں اسٹولٹن برگ نے کہا کہ ہم سب نے مل کر افغانستان جانے کا فیصلہ کیا اور ہم مل کر مستقبل میں فوجیوں کی ایڈجسٹمنٹ کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔ یہ فیصلہ ہم سب کو کرنا ہے کہ ہمیں افغانستان کب اور کیسے خالی کرنا ہوگا۔اسٹولٹن برگ نے کہا کہ نیٹو اتحاد اس وقت افغانستان سے نکل جائے گا جب اسے یقین ہوجائے گا کہ افغانستان اب محفوظ ہاتھوں میں ہے اور اسے دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے جانے کا کوئی خطرہ نہیں رہا ہے۔