دبئی( آن لائن )متحدہ عرب امارات نے غیر ملکیوں کو امارات کی شہریت دینے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات اپنے ہاں مروج شہریت کے قوانین میں ترامیم کررہا ہے۔ان کے تحت مختلف شرائط پر پورا اترنے والے غیرملکی تارکین وطن کو
اب یو اے ای کی شہریت دی جاسکے گی۔ عرب نیو کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وزارت انصاف نے ایک سرکاری بیان جاری کیا ہے ،اس میں شہریت کے قوانین میں مجوزہ ترامیم کی صراحت کی گئی ہے۔ترمیمی ضوابط کے مطابق اب سرمایہ کاروں ، کاروباری شخصیات ، پیشہ ور حضرات اور خصوصی ٹیلنٹ کے حامل افراد کو یو اے ای کی شہریت دی جاسکے گی۔یو اے ای کے شہریت کے قانون میں دو اور ترامیم بھی کی گئی ہیں۔ان کے تحت امارات کا پاسپورٹ جس مقصد کے لیے جاری کیا جائے گا،اس کو اسی مقصد کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔دوسری ترمیم کے تحت پاسپورٹ کو صرف طے شدہ قانونی مقاصد کے لیے جاری کیا جائے گا،غیر قانونی استعمال کی صورت میں اس کو ضبط کر لیا جائے گا۔