بیجنگ(این این آئی)چین نے بیجنگ کے لیے پاکستان سمیت متعدد ممالک سے براہ راست بین الاقوامی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے اجازت دے دی۔میڈیارپورٹس کے مطابق چین کی ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام نے بتایاکہ کورونا وائرس کی کمی اور 5 مہینوں کی بندش کے بعد مذکورہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
چینی حکام نے کہا کہ نئے قوانین کا اطلاق جمعرات سے پاکستان، تھائی لینڈ، کمبوڈیا، یونان، ڈنمارک، آسٹریا، سویڈن اور کینیڈا پر ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ ممالک میں امپورٹڈ کیسزکی تعداد کم ہے۔بیجنگ کے ایک عہدیدارنے بتایا کہ مذکورہ ممالک کے مسافر کو 14 روز تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا اور ان کے کووڈ 19 کے دو ٹیسٹ ہوں گے۔چین کی سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (سی اے اے سی)نے ایک بیان میں کہا کہ تین ستمبر سے بیجنگ کے لیے بین الاقوامی پروازیں آہستہ آہستہ دوبارہ شروع ہوجائیں گی۔تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ مسافر صرف انہی 8 ممالک کے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے وبائی امراض کی روک تھام میں بہتری آرہی ہے بندش کا سلسلہ بھی ختم ہورہا ہے۔حکام نے واضح کیا کہ اگر 3 سے زیادہ مسافروں کی آمد کے بعد کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے تو پچھلی تمام پابندیاں دوبارہ نافذ کردی جائے گئیں۔واضح رہے کہ مارچ کے آخر سے بیجنگ جانے والی بین الاقوامی پروازوں کو دوسرے چینی شہروں کی طرف موڑ دیا گیا تھا ۔
جہاں مسافروں کو بیجنگ جانے کی اجازت دینے سے پہلے کورونا وائرس کے لیے اسکریننگ کی جاتی ہے۔اس کے بعد انہیں قرنطینہ سہولیات میں بھیج دیا جائے گا۔سی اے اے سی نے کہا کہ اب تک تقریبا 511 بین الاقوامی پروازوں کو بیجنگ کے علاوہ دوسرے ایئر پورٹس پر اترنے کی اجازت دی گئی۔چین میں زندگی بڑی حد تک معمول پر آگئی ہے جبکہ عمارتوں میں داخل ہوتے وقت درجہ حرارت کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں اور کچھ جگہوں پر لوگوں کو داخل کرنے سے قبل ایک ایپ سے کیو آر کوڈ کو اسکین کرتے ہیں۔