کرائسٹ چرچ (این این آئی)مسجد النور حملے میں کئی افراد کی جانیں بچا کر شہید ہونے والے پاکستانی نعیم راشد کی بہادری کا نیوزی لینڈ کے تحقیقاتی اداروں نے اعتراف کرلیا ۔ پیر کو مساجد پر حملے کے ملزم کے مقدمے کی سماعت کے موقع پر انوسٹی گیشن رپورٹ عدالت
میں پیش کی گئی واقعہ سے متعلق سمری آف فیکٹس رپورٹ میں نعیم راشد کی بہادری کاخصوصی ذکر کیا گیا ۔ رپورٹ میں بتایاگیاکہ جب ملزم فائرنگ کر تا ہوا مسجد النور میں داخل ہوا تو اس وقت بہت سے نمازی موجود تھے اور اپنی جان بچانے کیلئے ادھر ادھر بھاگ رہے تھے لیکن نعیم راشد نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ کو آور کو روکنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے حملہ آور کی توجہ شہید نعیم راشد کی طرف ہوگئی اور بہت سے سارے لوگ جو مسجد کے اندر پھنس گئے تھے ان کو مسجد سے باہر نکلنے کا وقت مل گیا اس طرح نعیم راشد نے اپنی جان دیکر اور کئی لوگوں کی جانیں بچائیں ۔ واضح رہے کہ پاکستانی حکومت نے بھی نعیم راشد کی بہادری پر بعد از مرگ تمغہ شجاعت دیا ہے ۔ نعیم راشد اپنے بیٹے کے ساتھ شہید ہوئے ۔